نظم ۔۔۔ نصیر احمد ناصر

 

Naseer Ahmed Nasir is one of the most eminent, distinct, cultured and thought provoking poets from Pakistan. He is considered a trendsetter poet of modern Urdu poetry among his contemporaries.

 

نظم

( نصیر احمد ناصر )

وہ مجھے کیوں مارنا چاہتے ہیں؟

میں ایک پُرامن، قانون پسند، محبِ وطن 
اور شریف شہری ہوں
آخری تاریخ سے پہلے 
بجلی، گیس، فون اور پانی کے بل جمع کراتا ہوں
ٹیکس دیتا ہوں
ٹریفک کے اشاروں کی پابندی کرتا ہوں
دفتر سے کبھی لیٹ نہیں ہوتا
وقت پر گھر پہنچتا ہوں 
معمولی کاموں کے لیے بھی
اپنی باری کے انتظار میں
گھنٹوں قطار میں کھڑا رہتا ہوں

عام آدمی کی طرح خواب دیکھتا 
اور سایوں کی طرح زندگی گزارتا ہوں 
نہ تاریخ کا حصہ ہوں
نہ کسی لشکر کے لیے سدِ راہ
بے وجہ پکڑے جانے سے ڈرتا ہوں
جلسوں، جلوسوں اور دھرنوں میں
سب سے پیچھے کھڑا ہوتا ہوں
سیر کے دوران
خاموشی سے راستے کے ایک طرف چلتا ہوں
اور سڑک پار کرتے ہوئے
دونوں طرف دیکھتا ہوں

روزمرہ کی چوہا دوڑ میں
دوسروں کو روند کر آگے نہیں بڑھتا
تیز بھاگنے والوں کے لیے
میدان کھلا چھوڑ دیتا ہوں 
سچ بولتے بولتے جھوٹا بن جاتا ہوں
اور دوستوں کو آگے بڑھاتے بڑھاتے
خود پیچھے رہ جاتا ہوں
بہت اداس ہو جاؤں تو
کتابیں پڑھتا ہوں
نظمیں لکھتا ہوں
موسیقی سنتا ہوں

صبح اٹھ کر اخبار دیکھتا ہوں
اور شب خوابی سے پہلے
ٹی وی پر خبریں سنتا ہوں
زندہ ہوں لیکن لگتا ہے 
زندگی کا بوجھ اٹھاتے اٹھاتے
جیتے جی مر چکا ہوں
صرف اعلانِ مرگ باقی ہے
پھر بھی وہ دن رات میرا پیچھا کرتے ہیں
اور مجھے بے موت مار دینا چاہتے ہیں

Facebook Comments Box

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Calendar

March 2024
M T W T F S S
 123
45678910
11121314151617
18192021222324
25262728293031