کچھ ٹوٹ گیا ہے ۔۔۔ نودان ناصر

کُچھ ٹوٹ گیا ہے

نودان ناصر

کُچھ ٹوٹ گیا ہے ~

سینے کا اسٹیشن خالی ہے

لیکن شہرِوجود کی

پٹڑیوں پہ دوڑتی جیون ریل

پھر بھی دور کھڑی ہے

پلیٹ فارم پہ یادوں کے

انبار بکھرے ہیں

اور ان سے اُٹھتی تپش

کسی قلَی کو

انھیں اُٹھانے نہیں دیتی

منزلِ ہجر کاٹ کے آیا

مسافرِ دل،

زندہ رہنے کو لہو مانگتا ہے

لہو بردار بوگیوں نے

جن نسوں سے گُزر کر

سپلائی دینی ہے

وہ کثرتِ مہ نوشی سے سکڑ گئی ہیں

سانس کی جن نالیوں سے

تازہ ہوا اندر کو آتی تھی

سیگریٹوں کے گاڑھے دھویں کی گرد سے

بلاک پڑی ہیں

اور جسم میں اسٹاک ڈیڈھ گیلن خون

اشکوں کے رستے

ٹپک ٹپک کر بہنے لگا ہے

دماغ کا انجن

جو ساری عُمر غموں اور نفرتوں کے

بے کراں بوجھ سے

کبھی آزردہ نہ ہونے پایا

اُس نے تُمھاری رخصت پہ

جسم میں مزدوری کرتے

تمام اعضاء سے ہڑتال کروالی ہے

اسٹیشن پہ محصور بے بس عملہ

انجام سے خوفزدہ

اک دوسرے کو

سہمے ہوئے دیکھنے لگا ہے

ایسے میں پلیٹ فارم سے

آسیب کے رونے کی آواز آتی ہے

تو کوئی اجنبی

چلتے ہوئے ٹھہر جاتا ہے

اور اس ملبے سے

یاسیت کا سبب پوچھنے لگتا ہے

جذبات کن اکھیوں سے

اک دوسرے کو دیکھتے

اور مصنوعی اطمینان سے

جواب دیتے ہیں

کوئی بڑی بات نہیں ہے

بس ،

کُچھ ٹوٹ گیا ہے ۔۔

Facebook Comments Box

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Calendar

December 2024
M T W T F S S
 1
2345678
9101112131415
16171819202122
23242526272829
3031