ایک عمومی الجھن ۔۔۔ فرانز کافکا


ایک عمومی الجھن

( فرانز کافکا )

ایک عمومی واقعہ: اس کا نتیجہ ایک عمومی الجھن۔ اے کو ایچ سے تعلق رکھنے والے بی کے ساتھ ایک اہم کاروباری معاملہ طے کرنا ہے۔ وہ ابتدائی بات چیت کے لیے ایچ تک کا سفر کرتا ہے، اسے جانے اور واپس آنے میں صرف دس دس منٹ لگتے ہیں، اور وہ واپس آ کر اپنے گھر میں اپنی اس بہت زیادہ پھرتی کا خاص طور پر ذکر کرتا ہے۔

اگلے روز وہ پھر ایچ تک کا سفر کرتا ہے تاکہ اپنے کاروباری معاہدے کو حتمی شکل دے سکے۔ لیکن اس کام میں چونکہ کئی گھنٹے لگ سکتے تھے، اس لیے اے صبح سویرے ہی سفر پر نکل پڑتا ہے۔ کم از کم اے کے خیال میں جملہ صورت حال اگرچہ بالکل ایک دن پہلے جیسے تھی، اس کے باوجود اسے ایچ تک پہنچنے میں دس گھنٹے لگتے ہیں۔

پھر جب بالآخر شام کے وقت اے تھکا ہوا وہاں پہنچتا ہے، تو اسے بتایا جاتا ہے کہ اے کے نہ پہنچنے کی وجہ سے بی ناراض تھا، آدھ گھنٹہ پہلے اے کے گاؤں کی طرف سفر پر روانہ ہو چکا ہے اور ان دونوں کی دراصل راستے میں ملاقات ہو جانا چاہیے تھی۔ اے کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ وہیں انتظار کرے۔ لیکن اے کو چونکہ اپنے کاروبار کی فکر ہوتی ہے، اس لیے وہ فوری طور پر روانہ ہو جاتا ہے اور جلد از جلد گھر پہنچنے کی کوشش کرتا ہے۔

اس مرتبہ اے خاص طور پر بہت زیادہ دھیان کیے بغیر واپسی کا سفر پلک جھپکنے میں ہی طے کر لیتا ہے۔ گھر پر اسے پتہ چلتا ہے کہ بی تو کافی پہلے ہی وہاں پہنچ گیا تھا، اے کے اپنے گھر سے رخصت ہونے کے کچھ ہی دیر بعد۔ وہ اے کو اس کے گھر کے دروازے پر ملتا ہے اور اسے کاروباری معاہدے کی یاد دلاتا ہے۔ مگر اے اسے کہتا ہے کہ اب اس کے پاس وقت نہیں ہے اور اسے فوری طور پر آگے جانا ہے۔

اے کے اس ناقابل فہم رویے کے باوجود بی وہیں رکتا ہے تا کہ اے کا انتظار کر سکے۔ وہ کئی بار پوچھ چکا کہ آیا اے ابھی تک واپس نہیں آیا۔ وہ ابھی تک اوپر اے کے کمرے میں ہے۔ اے خوش ہے کہ وہ بی سے اب بھی مل سکتا ہے اور اسے ہر بات کی وضاحت کر سکتا ہے۔ اے جلدی سے سیڑھیاں چڑھ کر اوپر جاتا ہے۔ وہ تقریباً اوپر پہنچ جاتا ہے کہ اس کا پاؤں پھسل جاتا ہے۔ اس دوران اس کی ایک نس چڑھ جاتی ہے اور وہ درد کی وجہ سے تقریباً بے ہوش ہو جاتا ہے۔

وہ اس قابل ہی نہیں رہتا کہ چیخ سکے۔ وہ صرف اندھیرے میں ہلکا ہلکا کراہ رہا ہوتا ہے کہ اسے بی کی آواز سنائی دیتی ہے — غیر واضح کہ وہ بہت دور سے آ رہی ہے یا بالکل اس کے قریب سے — غصے میں سیڑھیوں پر پاؤں مارتے ہوئے نیچے اترتا ہوا اور پھر وہ حتمی طور پر غائب ہو جاتا ہے۔

Facebook Comments Box

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Calendar

January 2025
M T W T F S S
 12345
6789101112
13141516171819
20212223242526
2728293031