بھوکا ۔۔۔ حرا ایمن

بھوکا

حرا ایمن

شہر میں نت نئے ریسٹورانٹ برساتی کھمبیوں کی مانند کھل رہے تھے۔ مشرق وسطیٰ سے بھیجی گئی دولت کی بدولت ھر دو کیلومیٹر پر ایک پلازہ بن رہا تھا، کپڑوں جوتوں کے سب برینڈ شاپنگ اسکوائرز میں بن گئے، دیکھتے ہی دیکھتے شہر کی شکل ہی بدل گئی جیسے کوجی سے کوجی لڑکی شادی سے پہلے بناؤ سنگھار کر کے رنگ روپ نکال لیتی ہے تاکہ شریک حیات کو اپنا بہترین دے سکے۔ یہ سب تیاریاں بھی شہر کے نو دولتئے طبقے کو اپنا بہترین دینے کیلئے تھیں۔
شہر کی مصروف ترین مارکیٹ میں ایک وکٹورین سٹائل کا ہوٹل کھلا جس کی تزئین وآرائش اور پکوان کا کوئی ثانی نہیں تھا۔ ہفتوں میں ہی بکری اتنی ہوئی کہ دو ڈیڑھ سو سٹاف ہنگامی بنیادوں پر رکھا گیا۔ یوں پاس کی غریب بستی کے بیروزگار نوجوانوں کو معقول روزگار مل گیا، ویٹر, سویپر، گارڈ، باورچیوں کے ہلپر کے طور پر بہت سے ٹین ایجرز نے کام کرنا شروع کردیا۔ انہی نوجوانوں میں ایک دھان پان سا شاہزیب ملک بھی تھا۔ میٹرک کے بعد آوارہ پھرتا ہوا بڑی بڑی غلافی آنکھوں والا غریبوں کا وحید مراد۔ شاہزیب کی بوڑھی بیوہ ماں کپڑے سی سی کر بینائی کھو بیٹھی تھی اسلیئے اب وہ بستر پر پڑی رہتی اور روکھا سوکھا جو بیٹا لے کر آتا، شکر کر کے کھاتی اور اسکو دعائیں دیتی۔ شاہزیب کی دنیا اُسکی ماں اور ایک کتا تھا اس کتے کی ماں ایک تیز رو گاڑی سے ٹکرا کر مرگئی اور شاہزیب اسکو اٹھا کر گھر لے آیا۔ کتا بہت خوش مزاج تھا، سوکھی روٹی کھا کر بھی چہلیں کرتا اور جب تک شاہزیب گھر نا آ جاتا اُسکی ماں کو کمپنی دیتا۔ بطور ویٹر اس ریسٹورانٹ میں اُسکا یہ دوسرا ہفتہ تھا، ان دنوں میں وہ بڑے لوگوں کے اٹھنے بیٹھنے کھانے پینے کے آداب کا باریک بینی سے مشاہدہ کر چکا تھا۔ ریسٹورانٹ کا ایک اصول تھا کہ جو کھانا ٹیبل پر لگ گیا اسکو چاہے چھوا بھی نا ہو وہ دوبارہ استعمال میں نہیں آئے گا بلکہ سیدھا کوڑے کے کنٹینر میں جائے گا، اس اصول کی سختی سے پاسداری کی جاتی۔ دو لڑکے صرف اس کام پر مامور تھے۔ شاہزیب جس نے بس دال روٹی اور سبزی کھا رکھی تھی، انواع اقسام کی عجیب عجیب پکوان دیکھ کر حیرت زدہ ہوتا، کوئی مہمان جب اسکو اطالوی یا چینی ڈش لانے کو کہتا تو آرڈر لیتے وقت وہ مینو میں بنی تصویر سے ہی ذائقہ کشید کرنے کی کوشش کرتا، کھانوں کو چکھنا اُسکی حسرت ہی رہی۔
ایک دفعہ رات گئے وہ ماں کی دوائی لینے نکلا، راستے میں ویسے ہی ریسٹورانٹ پر نظر پڑی، کوڑے دان میں بلیوں نے اودھم مچا رکھا تھا، انکو روز وافر مقدار میری یہاں سے گوشت مل جاتا تھا، پاس ہی دروازے کے چوکیدار کی رائفل پڑی تھی، غالباً وہ بیت ال خلاء گیا ہوا تھا، اشتیاق سے شاہزیب نے ریسٹورانٹ کے شیشے سے بنے دروازے سے جھانک کر اندر دیکھا، دن میں سونے کی طرح چمکتا اندرون رات کو چاندنی کی طرح اجلا اجلا دکھ رہا تھا، انہی سوچوں میں غلطاں، چوکیدار کی کھانسی سے وہ چونکا اور پھرتی سے سڑک کی طرف چل پڑا۔ دل ہی دل میں اسنے شکر ادا کیا کہ چوکیدار کی نظر اس پر نا پڑی ورنہ نوکری بھی جانے کا احتمال تھا۔ چوکیدار نے آ کر اودھم مچاتی بلیوں کو رائفل لوڈ کر کے ڈرایا اور کرسی پر بیٹھ کر ریڈیو سننے لگا۔ اگلے دن شاہزیب کا دیہان کام میں نہیں تھا،غلطی سے اس نے دو گاہکوں کا آرڈر غلط لیا، اور حسب روایت وہ ضائع شدہ کھانے میں چلا گیا۔ ہوٹل کے مینیجر نے اسکو بہت سنائیں بھی جس سے وہ اور بد دل ہوگیا، شام پانچ بجے وہ طبیعت خراب ہونے کا بہانہ کر کے گھر کو چل دیا، روٹی بنا کر ماں کو دی اور خود رات ہونے کا انتظار کرنے لگا۔ ساڑھے بارہ بجے وہ اپنے کتے کے ساتھ سیر پر نکلا اور آج قصداً وہ ریستوران سے ملحق کوڑے کے کنٹینرز کے پاس آ کر بیٹھ گیا۔ آج نا معلوم کیا وجہ تھی کوئی بلی کوڑے کے ڈھیر کے پاس نہیں تھی جیسے کتے کی آمد کو بھانپ گئی ہو۔ اس نے کتے کو کنٹینر کی راہ دکھائی ، کتا چھلانگ لگا کر کوڑے میں کود پڑا کچھ دیر بعد اُسکی تمنات بھری آوازیں آنے لگیں تو شاہزیب خوشی سے نہال ہوگیا کہ یہ خیال اسکو پہلے کیوں نہیں آیا۔ اچانک اسکو صبح کے وہ آرڈر یاد آ گئے جو ضائع ہو گئے تھے، کچھ سوچ کر اس نے اپنے جوتے اتارے، اور ریسٹورانٹ کی پچھلی دیوار کے قریب پہنچا جہاں ایک کھڑکی اس نے آج خود صبح کھلی چھوڑ دی تھی، بھنی ہوئی مچھلی کی تصویر سے اُسکے منہ میں پانی کا ایک سیلاب اُمڈ آیا جسکو پی کر اسنے کھڑکی تک پہنچنے کا راستہ بنایا، اس جگہ سے کچن کچھ دور تھا ، ریسٹورانٹ میں داخل ہوتے وقت کوئی دقت نا ہوئی مگر ابھی وہ اندھیرے میں راستہ ڈھونڈھ ہی رہا تھا کہ اُسکا ہاتھ لگ کر شیشے کا ایک قیمتی برتن زور سے گرا اور کچھ سیکنڈز بعد ہی چوکیدار کی سیٹھی کی آواز آئی، کتا بھی بھونکنے لگا، گھبراہٹ میں شاہزیب کچن تک پہنچا، فریج کھولا تو وہ بھرا پڑا تھا، دل ہی دل میں وہ مالک کو کوسنے لگا جو کھانا ضائع کرنے کی بجائے انکو ساتھ لے جانے کیوں نہیں دیتا، شاید بڑے لوگوں کے معیارات بڑے اور دل بہت چھوٹے ہوتے ہیں۔ انہی سوچوں میں گم تھا کہ پھر اُسکا ہاتھ پھسلا اور قریب پڑا گلاس ٹیبل سے سرک گیا، چند ہی لمحوں بعد دروازوں کے کھلنے کی آواز آئی، اس سے پہلے کہ شاہزیب اپنا بچاؤ کرتا، چوکیدار نے چور چور کا شور مچاتے ہوئے رائفل اسپر تانی، شاہزیب نے بھاگنے کی جو کوشش کی رائفل سے ایک گولی سیدھی اُسکی کمر میں لگی اور وہ وہیں ڈھیر ہوگیا۔ اگلے دن جب شاہزیب کی لاش کی شناخت ہوئی تو شکر ادا کیا کہ ایک چور کیفر کردار کو پہنچا، مزید برآں چوکیدار کی بہادری اور فرض شناسی سے متاثر ہو کر ریسٹورانٹ کے مالک نے اُسکی ترقی بطور ویٹر کردی اور چوکیداری پر شاہزیب کے کتے کو مامور کردیا۔

Facebook Comments Box

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Calendar

December 2024
M T W T F S S
 1
2345678
9101112131415
16171819202122
23242526272829
3031