انحطاط ۔۔۔ مریم تسلیم کیانی

انحطا ط

مریم تسلیم کیانی

وہ سڑک اب بالکل ویران ہوگئی تھی ،جہاں روزانہ غول کے غول کبوتر آتے تھے اور دانوں سے بھری سڑک پر بغیر کسی خوف وخطر ، شکم سیر ہوتے تھے ۔۔

اس سڑک کی ویرانی میں اس بڑے سے شاپنگ مال کا ہاتھ تھا جو عین سڑک کے ساتھ اونچا لمبا آسمان چھوتا دکھائی دیتا تھا ۔ یہ پرآساٰش شاپنگ مال ، اعلی طبقے کی توجہ کا مرکز تو بن گیا مگر کبوتروں کے غول اس سڑک سے ہجرت کر گئے ۔۔

عبدالرحیم روز اپنے دانوں سے بھری بوری لے کے اسی جگہ آکے بیٹھتا تھا جہاں روزانہ اس سے خرید کے لوگ دانہ کبوتروں کو ڈالتے تھے ۔ وہ نہیں جانتا تھا کہ اسے ان لوگوں کو دیکھ کے اطمینان ہوتا تھا یا کبوتروں کو کھاتا دیکھ کر تسکین ملتی تھی ۔۔ وہ نہیں جانتا تھا کہ لوگ اپنے بچوں کو ان کے ہاتھوں سے دانہ ڈلواتے وقت دنیا کی تمام تر فکروں سے آزاد کیوں خوش ہوتے تھے ۔۔ ان کے چہروں پر طمانیت کیوں ہوتی تھی ۔۔ چند خاندان اس کے مخصوص گاہک تھے ۔۔ سب کے چہروں پر مختلف تاثرات دیکھنا اس کا پسندیدہ مشغلہ تھا ۔۔ان ہی منظروں کو دیکھ کے اس کا بچپن گزرا تھا ،پہلے اپنے باپ کے ساتھ آتا تھا اور اس کے گزر جانے کے بعد باپ کی جگہ سنبھال لی ۔ کبوتروں سے اسے از حد عشق تھا ۔۔ مغرب کے بعد وہ بچا ہوا دانہ اسی سڑک پہ ڈال کے چل دیتا تھا ۔۔۔اس کے ساتھی اسے مست ملنگ کہتے تھے ۔

اس کی بیوی بھی سادہ مزاج تھی اسے دانوں کی کمائی سے دو وقت کا پیٹ بھر کھانا مل جاتا تھا ۔۔۔ اس سے کبھی تنگی کی شکایت نہ کرتی ۔۔اسے مرغی کا گوشت اور قیمہ بہت پسند تھا ۔ وہ ہفتے میں دوبار اس کی خواہش پوری کردیتا تھا اور بدلے میں وہ اس کی خواہش پوری کردیتی تھی۔ دونوں میاں بیوی اپنی جھونپری میں خوش وخرم رہتے تھے ۔ آس پاس کی عورتیں اسے باولی کہتی تو وہ ایسے شرما جاتی جیسے اس کی تعریف میں کسی نے زمین آسمان ایک کردیئے ہوں ۔

سڑک کی ویرانی کو بہت دن گزر گئے تھے ۔۔ وہ معمول کے مطابق اپنے دانوں کا تھیلا لےکے بیٹھتا تھا مگر کبوتر آتے نہ کوئی گاہک ۔۔ جب کھانے والا نہ ہو تو دینے والے کیوں کر آتے ۔۔ ایک ایک کرکے اس کے سارے ساتھی سڑک چھوڑ گئے تھے ۔اب وہ ہی اکیلا رہ گیا تھا ۔ اسے کبوتر اور گاہک یاد آتے تھے ۔ وہ خاندان اور ان کے بچوں کے کھلتے چہرے ، جن کو دیکھ دیکھ کے وہ خود بھی نہال ہوجاتا تھا ۔

روزانہ شام میں وہ مایوس سا گھر واپس آتا ۔ بوجھل دل سے کھانا کھا کے بستر پر پڑجاتا ۔۔ بیوی کافی دن سے اسے دیکھ رہی تھی ۔۔ آخر کار پوچھ بیٹھی ۔

“اری کیا بتاوٗں ، مجھے تو بے چینی کھائے جاتی ہے ۔ اس بڑی بلڈنگ کی نحوست میرے کبوتروں اور گاہکوں کو کھا گئی ۔۔ اب کوئی آتا ہی نہیں ، نہ کبوتر ہی واپس آتے ہیں حالاں کہ جگہ وہ ہی ہے بس سامنے بلڈنگ نے آسمان تنگ کر دیا ہے ۔شاید وہ پہچان بھول گئے ہیں ۔اللہ جانے اب وہ کیسے پیٹ بھرتے ہوں گے ۔ ۔ ”

بیوی نے ساری روداد غور سے سنی اور سر ہلا کے سو گئی ۔ وہ بھی نڈھال سا اس پر گر گیا ۔۔

دو ایک روز بعد چند کبوتر سڑک پر نظر آئے -وفور جذبات سے اس نے سارا دانہ سڑک پر الٹ دیا اور” آآں ں ـ”کر کے چلایا —

کبوتر اڑ گئے — وہ مایوس سا ہوگیا — دانوں کا خرچہ بڑھنے لگا –

کئی دن سے وہ گھرمیں دال سبزی دے رہا تھا – گوشت خریدنے کے لیے پیسے نہیں بچے تھے -راشن بھی ختم ہونے لگا ۔۔ آٹا ختم ہوا ، چاول ، پھر چینی اور نمک مرچ بھی ۔ جب سب ختم ہو گیا تب اسے فکر ہوئی ۔۔ بیوی روز دال اور سبزی دیکھ کے صبر کرتی – اسے معلوم تھا کہ دانے نہیں بکتے تو پیسے کہاں سے آیئں گے ۔

رات آتی تو اس کے بگڑے موڈ کو جتن کر کے سدھارنے کی اپنی سی کوشش کرتی – پھر اس کے خالی وجود سے لپٹ کے سو جاتی –

عبدالرحیم کے دماغ کے آسمانوں پرجیسے ہر وقت کبوتر اڑتے رہتے – سفید ،کاسنی ،سرمئ اور بھورے کبوتر – غول کے غول – چھوٹے بڑے سب ان کو دانہ ڈالتے تھے ۔۔ اسے خیال آتا کہ وہ کتنے پیارے دن تھے ۔ اس کی کمائی بھی کتنی اچھی ہوتی تھی ۔۔ اس کو شاپنگ مال کی عمارت سے نفرت ہورہی تھی ۔۔ نہ وہ عمارت بنتی نہ اس کے کبوتر ہجرت کرتے ۔۔

آج بیوی نے شکوہ کیا ۔ ” تو سبزی بھی نہیں دے کے گیا تھا ۔۔ راشن بھی نہیں تھا کچھ ۔۔ میں تیری راہ تکتی رہی ۔۔ کچھ کھانے کو لا ۔ بھوک لگی ہے ۔۔ ـ”

“آج بس یہ ہی ہے ۔۔ “اس نے مٹھی کھول دی ۔ کبوتروں کے دانے دیکھ کے منہ تو بنایا لیکن پھر صبر شکر کر کے کھالیا ، مٹی کے پیالے میں پانی لاکے پی لیا ۔۔ اس نے بھی تقلید کی ۔۔ دانے نگلتے وقت اسے کافی تکلیف ہوئی ۔ اسے یہ بات سمجھ میں نہ آئی کہ اصل تکلیف کس چیز سے ہوئی ، بیوی کے فاقے سے ،اپنے فاقے سے یا کبوتروں کے دانے نگلنے سے ۔۔۔ بس کوئی چیز تھی جو اس کے حلق میں اٹکی ہوئی تھی ۔۔۔ اور پانی سے بھی نہ اتری تھی ۔۔

“کہیں تو پگلا گیا ہے ۔ “اس نے زندگی میں پہلی بار بیوی کی بڑ بڑاہٹ سنی ۔

وہ رونے لگا ۔۔ جی ہلکا ہوا تو بولا ۔ “وہ اب کیوں نہیں آتے ۔۔میں دانے بیچتا تھا لوگ آتے تھے ان کو کھلاتے تھا، وہ دعا دیتے تھے ۔۔۔ ”

“دعا دیتے تھے تو تجھے بھی دعا دی ہو گی ۔۔ “بیوی نے سادگی سے کہا ۔ وہ چونکا ۔

“مجھے بھی دعا دی ہو گی ۔۔ میں تو بچپن سے ان کو دانے ڈالتا ہوں بابا کے دانوں سے چرا کے بھی ڈالتا تھا اور اپنے بچے ہوئے دانے بھی میں ڈالتا تھا ۔۔ دعا کیسے لگتی ہے ۔۔ ؟ ”

بیوی سونے لیٹ گئی ۔ وہ ساری رات ادھیڑ بن میں لگا رہا ۔۔ اس کی سمجھ میں نہ آیا کہ دعا کیسی لگتی ہے ۔ اور کبوتر کیا دعا کرتے ہیں ۔۔۔ کاش مجھے کبوتروں کی زبان آتی ، میں ان سے جان لیتا ۔۔۔ پیٹ کا درد ، بیوی کی بھوک کا درد اور اپنی لا علمی اسے بے چین کیے دے رہی تھی ۔۔

اگلی صبح بڑی خوشگوار ہوا چل رہی تھی ۔ موسم بدل رہا تھا ۔ وہ سڑک پر آگیا ۔۔ مگر اس کا دل بے تاب ہونے لگا ۔ ابھی صبح کے سات بجے تھے ۔ وہ کبوتروں کی تلاش میں چل پڑا ۔۔۔ یہ پہلی بار تھا جو وہ اپنا علاقہ چھوڑ کے کہیں اور جا رہا تھا ۔۔۔۔

ایک چوراہے پر اسے ایک منظر نے مبہوت کر دیا ۔۔۔

کبوتر

وہ ہی غول کے غول ،وہ ہی رونق ، وہ ہی لوگ اور ۔۔۔۔ اور دانے والے ۔۔۔۔۔۔

بیوی اسے دیکھ کے حیران رہ گئی ۔۔ اس کے دونوں ہاتھوں میں سامان کی تھیلیاں تھیں ۔۔ جن میں گوشت ،سبزی ،دالیں اور مرچ مصالحے تھے ۔۔۔

اس سے پہلے کہ بیوی کچھ کہتی ۔ وہ بولا ۔ “کبوتروں کی دعا لگ گئی ۔۔۔ ”

Facebook Comments Box

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Calendar

January 2025
M T W T F S S
 12345
6789101112
13141516171819
20212223242526
2728293031