
White background. Abstract simple shapes. Neutral business background. Elegant poster template. Light minimal brochure backdrop. Subtle white shapes. Vector illustration.
سرد خانے سے خط
اپریل 2025،6،
سرد خانے سے خط
پیاری ۔۔۔۔۔۔
سویر دا سلام
میں یہ خط تمہیں سرد خانے سے لکھ رہا ہوں۔ یہاں بہت ٹھنڈ ہے اور تمہارے ہر آنسو کی بوند میرے جسم پر برف کی ڈلی بن کر گرتی ہے۔ کیا تم مجھے منجمد کر دینا چاہتی ہو؟
مجھ تک اپنی محبت اور زندگی سے بھر پور سانسوں کی گرمائش پہنچاؤ ۔ دیکھو یہاں کتنے ہی لوگ میرے منتظر تھے۔ رفعت ناہید کی ضد تھی کہ اس بار میری یہاں پر ہونے والی سالگرہ تم میرے ساتھ مناؤ ، میں بھلا کیسے انکار کرتا۔ میں تمہیں خبر کرنے والا تھا لیکن سانسوں کے سگنل ڈراپ ہو گئے۔ بس ذرا ان کے سلاموں کے جواب دے لوں تو سب سے تمہارا تعارف کرواؤں گا۔ سب کو تمہاری نظم سناؤں گا اور وہ نظم بھی جو تم نے میرے یہاں آنے کے بعد لکھی۔ یہاں تباہی مچ جائے گی یہ لوگ تمہارے دیوانے ہو جائیں گے۔
چناں ،میں نے تمام عمر محبتیں کیں جس سے کی مخلص کی ، لیکن تم میری آخری محبت ہو۔ آخری محبت آخری اولاد کی طرح لاڈلی ہوتی ہے۔ میں جانتا ہوں میں نے جتنی محبتیں کیں تم نے مجھ سے ان سب سے زیادہ محبت کی۔ مجھے افسوس ہے میں تمہارے لاڈ نہیں اٹھا سکا۔ میرے ٹائم ٹریول کا وقت آ گیا ہے چناں ۔ ٹکٹ چیکر ٹکٹ میں سوراخ کر چکا ہے اور گاڑی روانہ ہو گئی ہے۔ میرے پاس زاد راہ کے طور پر صرف محبت ہے۔ خوب جینا لیکن یاد رکھنا اگلے اسٹیشن پر میں ہاتھ میں سرخ گلاب لئے تمہارا منتظر ہوں۔ اور وہاں ہم دونوں کی عمریں برابر ہوں گی۔
تمہارا مسعود
2025 ، 6، اپریل