کولیکشن ۔۔۔ فاطمہ مہرو
Fatima Mehru is a Pakistani poet. Her poems have an overall central theme. She creates pictures through language.
‘کولیکشن‘
( فاطمہ مہرو )
تمہارے پاس پکاسو، نیرودا، لورکا پڑے ہیں
فیض و فراز سے تو تُم شروع ہوۓ
بنگلہ دیش کی ساڑھی تم نے لفظوں میں بُنی ہوئ بھی دیکھی
آدھی رات کو حسیں لڑکیاں، بُک شاپس پہ اُترتی کیسی لگتی ہیں
شیلفوں پہ بیٹھی تتلیوں سے تم تو خوب واقف
انگلش، پنجابی یوں بھی تمہاری پرانی دوست زبانیں ہیں
تُم انہی میں پلے بڑھے ہو
بُلھے شاہ کے پُرانے جاننے والوں جیسی آنکھیں لیے
مُحسن و قریشی، شمسی و آروندھتی، حافی و کافی میں رچے بسے
سلامت و پُرن چند میں گُھلے ہوۓ
ایملی کی نظموں، اوکری کے پُر خطر محبت کے راستوں کی دُھول سے اٹے پڑے
خود سے بھی بیزار سے !
میرے کمرے میں تو براٶنش کھڑکیوں سے نیلی روشنی بہتی ہے
ہوا کم کم چلتی ہے
چراغ جلے تو تیز بھی چلنے لگتی ہے
کوئل صفت راتوں میں دوپہروں کی اکائ گونجتی ہے
پردہ ہر بار کھڑکی سے لپٹ کر وہیں اٹک جانے کی التجاٶں میں الجھتا پھرتا ہے
رات پھر بھی نہیں ہوتی
صبح.. ہر صبح جیسی !
آنکھوں پر ہاتھ دھرے ہر دیوار، دوسری سے نظریں چُراتی ہے
گرامو فون کے گیت، گرھن زدہ
طاق چُپ کی عادتوں میں ڈھلے
ہر ورق.. سرورق بننے کے خوابوں میں پاگل
راہ داری بے چاپ
سفیدیاں، کالکوں میں ملی جُلی
ہرداستاں جُھوٹ سے بچا لیے جانے والے آخری سانسوں جیسی
میں سوچتی ہوں
مری کتابیں کون پڑھے گا ؟؟