غزل ۔۔۔ شہناز پروین سحر

غزل

شہناز پروین سحر

غبارِ وقت میں اب کس کو کھو رہی ہوں میں

یہ بارشوں کا ہے موسم کہ رو رہی ہوں میں

یہ چاند پورا تھا بے اختیار گھٹنے لگا

یہ کیا مقام ہے کم عمر ہو رہی ہوں میں

اس ابرباراں میں منظر برسنے لگتے ہیں

برس رہی ہے گھٹا بال دھو رہی ہوں میں

تو گرد باد کا اک سر پھرا بگولہ تھا

خلائیں اوڑھ کے روپوش ہو رہی ہوں میں

یہ شام وقت سے پہلے چھپا نہ دے سورج

سنہری دھوپ میں چنری بھگو رہی ہوں میں

اداس اوس میں خاموش آنسوؤں کی کسک

لرزتی کانپتی مالا پرو رہی ہوں میں

خلاء میں کھو گئیں باتیں ، ہنسی کی آوازیں

سخن شکستہ ہوں الفاظ کھو رہی ہوں میں

میں جی رہی ہوں یا جینے کا وہم ہے مجھ کو

نہ جانے جاگ رہی ہوں کہ سو رہی ہوں میں

یہ زرد ِشام جو سورج گنوائے بیٹھی ہے

سحر ستارہ ِ افلاک ہو رہی ہوں میں

Facebook Comments Box

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Calendar

May 2024
M T W T F S S
 12345
6789101112
13141516171819
20212223242526
2728293031