تشنہ ء تکمیل ۔۔۔ حسن ناصر
تشنہ ء تکمیل
حسن ناصر
منہ میں گوشت کا ٹکڑا لے کر
یہ جو چیل اڑی ہے
جانے کس ٹیلے پر بیٹھے گی
گیروے رنگ کے کپڑوں والا
اس ٹیلے کے پیروں پر
چند لکیریں کھینچے گا
پھر ہم سب
اک انجانے شہر کی بنیادوں میں
اپنا لہو نچوڑیں گے
جب شہر مکمل ہو جائے گا
گیروے رنگ کے کپڑوں والا
شہر کی سب سے اونچی ممٹی پر بیٹھی
چیل کی چونچ میں
گوشت کا دوسرا ٹکڑا دے دے گا
Facebook Comments Box