متحرک کہانی ۔۔۔ دعا عظیمی

متحرک کہانی

دعا عظیمی

“سر مجھے ایک اچھے افسانے کے رموز بتا دیں اور ایک ایسی کہانی جو حرکت کرتی ہو.”

“مجھے ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے میں افسانہ تو لکھتی ہوں پر اس کی کہانی حرکت نہیں کرتی.”

فارحہ نے الجھے ہوے لہجے میں سر فاران علی سے پوچھا۔

فاران علی شہر کے مشہور لکھاری تھے اور اکثر نوآموز لکھاریوں کے لیےلیکچرز اور سیمینارز کا اہتمام کرتے رہتے تھے۔وہ بھی چاہتی تھی کہ کسی طرح پر اثر کہانیاں لکھنا سیکھ لے۔اسی لیے ان سے ملاقات کا وقت مانگا۔

آج جب وہ ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے فارغ ہوئے تو الحمراآرٹس کونسل کے ایک نسبتاًخاموش گوشے میں اسکی تحریروں کی اصلاح کی غرض سے ایک چھوٹی سی ملاقات طے کی.

فارحہ نے کچھ کاغذات ان کی طرف بڑھائے .

“یہ کہانی میں نے پچھلے ہفتے ہی لکھی تھی.”

فاران علی نے کاغذ پہ کاڑھے حرفوں کے پھولوں میں دھڑکتی خوشبو محسوس کی مگر عجیب بات تھی کہانی سانس تو لیتی تھی مگر اس میں کردارحرکت نہیں کرتے تھے۔ منظر ٹھہرا سا رہتا تھا، تخیل کے پانیوں میں بہاؤ تو تھا مگر بنت میں کچھ کمی تھی ,جیسے سب ساکت سا تھا۔ وہ دوبارہ گویا ہوئے “،فارحہ ان میں کردارڈالیں ” “واقعات اور مکالمےکے تسلسل سے کہانی کو بنیں جیسے آپ لوگ سویٹر بنتے ہیں کبھی خانے ڈالتے ہیں, بڑھاتے ہیں اورکبھی گھٹاتے ہیں،۔”

وہ سمجھاتے ہوئے بولے اورسگار کا لمبا کش لیا۔ دھواں مرغولوں کی صورت میں اڑا انکی گہری سبز آنکھیں پورے منظر پہ چھا گئیں .کچھ لمحوں کے لیے وہ بھول گئ کہ وہ کہاں تھی

کیوں ملنے آئی تھی

اس ملاقات کا مقصد کیا تھا.

سب کہیں پس منظر میں چھپ گیا تھا.

اس نے سوچا جیسے وہ ان مہربان آنکھوں کو صدیوں سے جانتی ہو۔ ہلکے سبز پانیوں کے رنگ کی، رنگ بدلتی ہوئی ،وہی تھیں یا “اس” سےمشابہت تھی۔ وہ ان انکھوں کو کہیں پہلے بھی دیکھ چکی تھی ۔ اپنی پہلی محبت کو بھول جانا کب ممکن ہے۔ مسکراہٹ آنکھوں کا رنگ” اس” سے ملتا ہوا تھا جس کے ساتھ زندگی جینا سیکھی تھی۔

ہوا پتوں کی پاذیب پہنے سریلی گھنٹیاں بجانے میں مصروف تھی ۔ ٹنڈ منڈ درختوں کے خالی پن کا دکھ ہوا کیونکرجانے بھلا!!

کسی کا چراغ جلے یا بجھے اس کا کام تو چلتے رہنا تھا۔

وہ کچھ لمحوں کے لیے کہیں ڈوب گئ ۔ ماضی کی جانب سفر کسی بھی لمحے شروع ہو جایا کرتا تھا۔

“آپ سن رہی ہیں ناں فارحہ” انہوں نے اسے متوجہ کیا۔

کہانی لکھنے کے لئے ضروری ہے کہ اپنے درد کو نہ صرف محسوس کیا جائے بلکہ اسے پڑھ کے ایک ہنر کے ساتھ سلیقے سے گوندھ کر کرداروں اور واقعات کے ذریعے قاری تک پہنچانے کا سامان کیا جائے.

” سچےجذبوں کے اپنے اپنے رنگ ہوتے ہیں ہمیں ان کو محسوس کرنا ہوتا ہے اور لفظوں کے رنگوں سے کینوس پر اتارنا ہوتا ہے. جگ بیتی ہڈ بیتی سے گزر کر روشنی بنتی ہے.”

سر فاران نے اسے دھیرے دھیرے سمجھایا.

اس نے کچھ کچھ سمجھتے ہوے اثبات میں سر ہلایا

“جی سر جان جوکھوں کا کام ہے یہ تو”، وہ مسکرائے, “کیاآپ نے کبھی محبت کاذائقہ چکھا.”

سوال کرتے سمے ان کی انکھوں کے سمندرمیں اسرار کی لہریں ابھریں .

“جی سر”

تو بس وہی گھول کر سب کو پلا دیں . وہ خوش دلی سے مسکرائے.

کیا جان لیوا مسکراہٹ تھی، کیا واقعی آنکھیں روح کی کھڑکیاں ہوتی ہیں، کبھی ہم اپنی گم شدہ چیزوں کو دوسروں میں بےوجہ کھوجتے ہیں۔ اس نے بےدھیانی میں سوچا.

جب کسی کھوئے ہوئے انسان کی مشابہت کسی دوسرے میں نظر آئےتو ہمارے احساس تشنگی کی تسکین ہوتی ہے ۔ مماثلت میں سے انسیت کے نغمےپھوٹتے ہیں ۔فارحہ کا دل چاہا کہ سر فاران علی کو بتائے کہ آپ کی آنکھیں میرے محبوب شوہر کی آنکھوں کے رنگ کی ہیں. ہلکی سبز جن میں اتر کے میں نے محبت کی عظیم دیوی کے قدموں کوچھوا مجھے اسکی سنگت میں لگا کہ میں کسی بحری جہاز کے عرشے پر ہوں اورکائنات ایک نرم سمندر کی طرح میرے پاؤں کے نیچے پر سکون بہہ رہی ہے- جھاگ اڑاتی جل پریاں نرم موجوں سے کھیل رہی ہیں۔ محبت ہماری روح میں چھپے تنہائی کے ذرد جنگل کو آن ہی آن میں ہرا کر دیتی ہے , پر موسم کبھی ٹھہرتے تھوڑی ہیں ۔ سب بیت جاتا ہے اور ہم عمر بھر ان کی قیمت چکاتے رہتے ہیں ۔

سر فاران ایک کال میں مصروف تھے اور وہ اپنے خیالات کے پھول چننے میں مگن ‘اچانک تتلیوں کے پیچھے بھاگتے بچوں پہ اسکی نظر پڑی اسے اپنا لخت جگر یاد آیا جو اس کی مدد کے بغیر ہلنے جلنے سے قاصر تھا۔

اللہ جانے آیا نے اس کی مالش کی ہوگی اسے کھانا وقت پہ دیا ہوگا یا نہیں بےچینی سے اس نے کاغذ اورقلم سمیٹا اور سر سے اجازت چاہی ۔ وہ اپنی دونوں ہتھیلیاں مسلنے لگی جو اس کی اضطراری حالت کو ظاہر کر رہی تھیں . یکسوئی قسمت والوں کو نصیب ہوتی ہے. اس کا دل دماغ جانے کہاں کہاں بٹا ہوا تھا.

کیا میں پوچھ سکتا ہوں آپ کے کتنے بچے ہیں ؟؟

سر نے اس سے ذاتی سوال پوچھا۔ ” ایک ہی بیٹا ہے سر”، “میں آپ کو گھرڈراپ کر دیتا ہوں اگر آپ مناسب سمجھیں. آپ کے بیٹے سے بھی مل لیں گے اور شوہر سے بھی ”

نہیں سر میرے شوہر تو سعودیہ ہوتے ہیں انکی جاب ہے وہاں،” اس نے جلدی سے بات بنائی,

وہ نہیں بتاناچاہتی تھی کہ محبت کے تحفوں کو خواہ وہ یادیں ہوں یا بچے سینے سے لگانے کی ذمے داری اکیلے اسی کی تھی۔

سبز آنکھیں مسکرائیں “اوکے “” جیسےآپ مناسب سمجھیں،۔”

وہ نہیں چاہتی تھی کہ سر فاران علی یہ جان پائیں کہ کہانیوں میں بعض اوقات کرداراور مکالمے کیوں حرکت نہیں کرتے۔ کہانی جامد کیسے ہو جاتی ہے۔ اس نے تیزی سےبھاگ جانے میں عافیت جانی ۔ ممتا بھرے دل سے بڑی کون سی کہانی ہوسکتی ہے۔

شادی کے پانچ سال تو ہنستے کھیلتے گزر گئے تھے ، پھر قدرت نےاس کی گود بھری . محبت کا تحفہ اسے عطا ہوا. مگر بچہ پیدائشی معذوری کا مقدر ساتھ لے آیا. جانے یہ آزمائش کیسے اور کیونکر آن پڑی تھی.

ممتا نے بڑھ کر اسے یوں سینے سے لگایا کہ کسی اور جذبے کا احساس ہی نہ رہا ۔ دن رات اسی کاخیال رہتا ہائے ننھی سی جان ٹھیک تو ہے!! یہ کیسے ٹھیک ہوگا ؟ کیسے جیے گا ؟ کیسے کیسے؟؟

سوچ سوچ کر وہ ہلکان ہوجایا کرتی تھی.

دن رات ہسپتال کے چکر علاج معالجہ دعائیں اور نسخے ہی چاروں طرف رہتے تھے۔ بیچاری ماں وقف ہوگئی . ہر ماں کی طرح ،ایک بےچینی تڑپ اور مسلسل خدمت سے اس کی زندگی بھر گئی۔ بچے کی بے طرح خدمت نے اسے اپنے ارد گرد کی دنیا بھلا دی ۔ حتیٰ کہ محبت کرنے والا شوہر کب پرایا ہو گیا اسے پتہ ہی نہ چلا ۔اسکی عدم توجہی کو وجہ بنا کر اسے چھوڑ کے پردیس نکل گیا تھا اور وہ محبت کو وفاکی صورت دینےکی خاطر تنہا رہ گئ .

مرد چاہے تو اس کے پاس راہ فرار کے ہزار راستے مگر عورت اس معاملے میں مختلف ہے کیونکہ اس کے وعدے کسی اور سے نہیں بلکہ اپنے آپ سے ہوتے ہیں.

جذبوں کے تار عنکبوت سے بندھی ہوئی وہ کہاں بھاگ سکتی تھی۔ گھر پہنچی تو لخت جگر منتظر تھا اسکی معصوم آنکھوں کا رنگ بالکل فارحہ جیسا تھا.کالی رات میں چمکتے جگنوؤں کی طرح’ بھلے اسکا وجود دنیا والوں کے لیے ایک بے حرکت کہانی ہو مگر فارحہ کی زندگی کا محور ومرکز وہی تھا ۔

اس کا پیارا لاڈلا سات جنم بھی ہوتے تو وہ اس پہ وار دیتی ۔محبت سے دیوانہ وار گلے سے لگاتے ہوئےاس نے بھر پور یقین سے سوچا ,ایک دن آئے گا جب میرا لاڈلا بالکل ٹھیک ہو جائے گا۔ دعا روشنی بن کے فارحہ کے چہرے پہ پھیل گئ.

بچے نے مسکرا کے ماں کو دیکھا تو زندگی حرکت کرتی ہوئی کہانی میں ڈھل گئی۔

Facebook Comments Box

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Calendar

December 2024
M T W T F S S
 1
2345678
9101112131415
16171819202122
23242526272829
3031