
کھڑکیاں ۔۔۔ گُل جہاں
] کھڑکیاں
گُل جہاں
میں کائنات اور اپنی عمر گن چکا
مگر ابھی تو انگلیوں کی آدھی پوریں منتظر شمار کی
*کلسٹروں کے رابطے طویل ہیں
مدار کی حدود ، حجم و بئیتی وقوع کا بیانیہ
مگر اس ابتدا کا سارا مسئلہ
ہنوز مسئلہ سا ہے
عجیب ہے مصوری
کہیں تو پھیلتے وجود ماپنے کی حد سرے سے گم ہوئی
کہیں ہے جسم اتنا کم نما ، مہین تر
کہ ہو کے بھی ہزار بار دیکھنے سے آنکھ دیکھتی نہیں
زمین مرکزہ ہے کائنات کے وجود کا
جدھر کو جائیے
جہاں سے گھوم پھر کے آئیے
زمین کی کشش
خدا و آدمی کو چھوڑتی نہیں
ابھی تلک کوئی بھی کھڑکیوں کو جانتا نہیں
یہ بھید ہیں
قدیم بھید ہیں
جہاں تلک ہے کائنات کا جہاں
کہ جس کے طول و عرض کا شمار ہی نہیں ہوا
“بلیک بول“کھول کر تو دیکھیے
یہ بھید ہے
یہ کھڑکیوں کا بھید ہے
یہ کائنات ” پینٹنگ ” ہے بے خیال کی
تمام آدمی ہیں کھڑکیاں
خدا کی مستند ترین کھڑکیاں
*کلسٹر
اربوں ستاروں سے مل کر گلیکسی بنتی ہے اور اربوں گلیکسیز سے مل کر کلسٹر بنتا ہے اور کلسٹر لاتعداد کلسٹرز سے مل کر سپر کلسٹر بناتے ہیں اور بے شمار سپر کلسٹرز کے کے ملنے سے یہ کائنات بنی ہے