اپوکلپس ۔۔۔ حرا ایمن
ایپو کلپس
Apocalypse
( حرا ایمن )
میرا پینٹ برش بہت
میلا ہو چکا ہے
مگر اب اس ناکارہ شوق کو ترک کر دونگی
اپنا ایزل اور کُچھ پورٹریٹس بیچ کر ایک
بائیسکل خریدوں گی
فیملی کی آخری تصویر پتلون کی پچھلی جیب میں چھپا
کر
ہینڈبیگ میں بس ایک چارجنگ بینک اور کُچھ روپے لیے
شہر شہر، گاؤں گاؤں گھوم کر
کچروں کے کوہِ ہمالیہ سے
لوہا اور دھاتیں جمع کروں گی
پلاسٹک کے تھیلے کی دبیز تہہ تلے
ایک یّا دو ٹکڑے
کسی پرانے کمپیوٹر کے مدر بورڈ کے لوں گی
جس میں آئی سيوں کی ایک کائنات کھڑی ہے
میں اپنے مطلب کے پُرزے اکھاڑ کر باقی مواد سمندر
میں بہا دونگی
علم آج کے انسان کی
انگلیوں کی پوروں پر ہے
مجھے پینٹنگ چھوڑنے کا غم نہیں
مجھے ایک جہاز تیار کرنا ہے
جو یوٹیوب بنانا سکھا دے گا
دھاتیں تو میں نے سال ہا سال کی محنت سے جمع کر ہی
لیں ہیں
جب میرا جہاز تکمیل کو پہنچے گا
تو میں ایک آواز لگاؤں گی
جسکو سن کر چرند پرند کا ایک ایک جوڑا
جنگلوں کی آگ سے بچ جانے والے جانور
ایک کالا اور ایک گورا انسانی بچہ
اس جہاز میں سوار ہوں گے
اور اک سیارہ جسکا خواب
سمیری تہذیب کے باشندے نے
ہزاروں سال قبل دیکھا تھا
جسکا نشان مجھ تک کتابوں سے پہنچا
اُسکے لیے عزم سفر ہونگی
ٹروپو سفیرٔ کی لہر سے نکل کر
زمین کی کُچھ آخری تصاویر لونگی
تصویر بہت دھندلی آئینگی،
دیوار چین بھی کچرے میں چھپ چکی ہوگی
اور سب ملکوں نے ایٹمی کرکٹ میچ شروع کردیا ہوگا
امریکہ نے ایک ہی بال میں چھکا کروا کر
چین کے چوکے کو برابر کر دیا ہوگا
کُچھ ہی دیر میں
محبت کے لال سیارے پر پہنچ کر
ہم زندگی کا نيا بیج بوئیں گے
اور ہابیل قابیل کا جھگڑا روکنے کی خاطر
پہلے سے یکساں کلونڈ
سلیکون کی گڑیوں کی کھیپ ساتھ لے جاوں گی
یہاں دونوں کو پرسکون سیکس ملے گا
اور آبادی تو ہمیں بڑھانی نہیں،
میں اپنے تخت پر بیٹھوں گی
اور دونوں بچوں کو گود میں بٹھا کر
زمین پر ہوتی اٹامک کرکٹ سے لطف اندوز ہونگی
پھر فیس بک پر یہ ویڈیو سیارے کے
باشندوں سے شیئر کر کے
سو جاؤں گی۔