میں حاضر ہوں ۔۔۔ خوش بخت بانو

میں حاضر ہوں

 خوش بخت بانو

میں حاضر ہوں

کیا کوئی کھلونا چاہیے

کھیلنے کے لیے

سگریٹ چاہیے ہونٹوں میں دبا کر رکھنے کے لیے

ماچس چاہیے سلگانے کے لیے

شراب چاہیے بہکنے کے لیے

عورت چاہیے مباشرت کے لیے

میں حاضر ہوں

کوئی کاندھا چاہیے سہارے کے لیے

سواری چاہیے رائڈنگ کے لیے

ہنسنے والا چاہیے

کسی بے ہودہ مذاق پر

رونا والا چاہیے

تمہاری محبوبہ کی بے وفائی کے قصے سن کر

میں حاضر ہوں

میں جنس ہوں اگر تمہیں ضرورت ہے

تم مجھے بیچ لو

میں جسم ہوں

اگر تمہیں ضرورت ہے

تم مجھے نوچ لو

میں ہوا ہوں

اگر تم سانسوں میں بھرنا چاہو

تو بھر لو

غبار ہوں

اگر مجھ سے بچنا چاہو تو بچ جاؤ

میں دھواں ہوں

تم اپنی آنکھیں بند کرلو

میں راکھ ہوں

تم مجھے ہواؤں میں اڑا دو

میں حاضر ہوں

میں آسمان ہوں

اگر تم میری جستجو کرو

میں زمین ہوں

تم مجھ پر اپنی راج دھانی قائم کرو

میں لونڈی ہوں

تم کوئی حکم کرو

میں ملکہ ہوں

تم اپنی خواب گاہ کو کنیزوں سے بھر لو

میں حاضر ہوں

اگر تم مجھے پکارو

میں حاضر ہوں

تم مجھے دھتکارو

میں حاضر ہوں

میں فاحشہ ہوں اگر تم دل بہلاؤ

میں پاک دامن ہوں اگر تم اپناؤ

میرے محبوب میں حاضر ہوں

میں عورت ہوں

میں محبت ہوں

Facebook Comments Box

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Calendar

December 2024
M T W T F S S
 1
2345678
9101112131415
16171819202122
23242526272829
3031