48377023 - alarm clock close up with woman sleeping peacefully on a bed on the back

ہر رات سونے سے پہلے ۔۔۔ خوش بخت بانو

ہر رات سونے سے پہلے

خوش  بخت بانو

میں تمہیں یاد کرتی ہوں

تاکہ تم میرے خواب میں آو

سرد راتوں میں رضائی کے اندر کی تاریکی

مجھے تمہاری عدم موجودگی کا احساس دلاتی ہے

ورنہ نماز پڑھنے کے لیے ہاتھ اٹھانے سے قبل تم میرے سامنے ہوتے ہو

ممکن ہے میری یہ نمازیں میرے منہ پر مار دی جائیں

لیکن اگر ایسا ہوا تو بہت برا ہوگا

میرا محبت سے یقین اٹھ جائے گا

تم جانتے ہو

کہ بے یقینی انسان کی موت ہے

میں جیتے جی مرنا نہیں چاہتی

اگر میں مر جاؤں

تو بھی تمہاری یاد سے معمور دل دھڑکتا رہے گا

نیند آدھی موت ہی تو ہوتی ہے

سو میں کہہ سکتی ہوں

کہ میں تھوڑا تھوڑا روز مرتی ہوں

مگر میں اس بات کی تشہیر نہیں کرتی

کیونکہ مجھے سستی شہرت حاصل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں

مجھے بے نام و نشان مرنے کی خواہش ہے

جسطرح میرے خاندان کی اکثر عورتیں

میری ہر صبح تمہارے خیال سے طلوع ہوتی ہے

اور ہر نیند تمہارے خواب سے مکمل ہوتی ہے

یہاں لڑکیوں کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں

مگر روزانہ دن کی روشنی میں میں اپنا سامان باندھتی ہوں

اور رات کو تمہارے ساتھ کہیں بھاگ جاتی ہوں

مگر تمام رات کے سفر اور اسکی تھکن کے باوجود کہیں نہیں پہنچ پاتی

مجھے گھر والے میرے بستر پر تلاش کرلیتے ہیں

میں خدا کا شکر ادا کرتی ہوں

کہ وہ مجھے جان سے نہیں مارتے

ورنہ ہم لڑکیوں کے لیے محبت ناقابلِ معافی جرم ہے

حالانکہ میں نے اپنے بھائی کو ایک بار ایسا ہی ایک جرم کرنے کے بعد قہقہہ لگاتے ہوئے دیکھا تھا

یہاں زمینی خداؤں نے اپنی پسند کے قوانین بنائے ہوئے ہیں

مگر ہم سے ہماری پسند کو دور رکھا گیا ہے

ہمیں اپنی اماں اور حوَا کی غلطی پر سزائیں دی جاتی ہیں

مگر اس بار ہمیں گھر سے نکالا نہیں جاتا

بلکہ گھر میں قید کرلیا جاتا ہے

جس کی ملاقات کو ہوا بھی نہیں آتی

مگر ہر رات سونے سے پہلے

میں تمہیں یاد کرتی ہوں

Facebook Comments Box

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Calendar

January 2025
M T W T F S S
 12345
6789101112
13141516171819
20212223242526
2728293031