خواب کے ساتھ بندھا شخص ۔۔۔ مسعود قمر
خواب کے ساتھ بندھا شخص
مسعود قمر
میں جب صبح گھاس پہ گیا
رات کے خواب کا نشان
گھاس پہ موجود تھا
میں نے سوئی ہوئی گھاس کو
پوروں سے چھوا
تو
خواب ابھی تک جاگ رہا تھا
میری ہڈیوں کے گودے میں
اس سال کی برف بھی جم چکی ہے
مگر
میں نے خواب کو ٹھٹھرنے سے بچا لیا
چاند جب
بندھی ہوئی کشتیوں پہ
ہولے ہولے جھول رہاتھا
وہ عورت
چپکے سے خواب سے نکل گئی
اور اب
برف، گھاس، چاند اور میں
خواب کے ساتھ
ہولے ہولے جھول رہے ہیں۔
Facebook Comments Box