ہنی مُون مناتے گدھ ۔۔۔ مسعود قمر
ہنی مون مناتے گدھ
(مسعود قمر)
(برما کے تناظر میں)
نقشہ نویس نے
پھولوں کا باغ قبرستان
اور
دلھن کا گھر ساتھ ساتھ بنایا
مگر نہتے پھول
دلھن اور قبر تک جاتے جاتے
راستے میں لُٹ گئے
لاشوں پہ پھول ڈالنے کے لیے
اور لاشیں گرانی پڑتی ہیں
کفن سیتے
پسماندگان کی چیخوں میں
درزی کی بچوں کی فیس
قہقہے لگاتی رہتی ہے
ایک ہاتھ میں مناجات
دوسرے میں بندوق لیے
باریش پیشوا دندناتے پھر رہے ہیں
سمندر کنارے لاشوں کے لمبے لمبے
فری دسترخوان بچھا دئے گئے ہیں
گدھ
ہنی مون منانے کے لیے
جوق در جوق آرہے ہیں
Facebook Comments Box