چیڑ کے جنگل اور کتابوں کی خوشبو … سبین علی
Sabeen Ali is a short story writer, poet and critic. Her writings, poems and articles have been published in renowned literary magazines. She has a great interest in fine and applied arts. She expresses her thoughts in Urdu and Punjabi with equal ease.
نظم
(سبین علی)
چیڑ کے جنگل اور کتابوں کی خوشبو
ایک جیسی گہری ہوتی ہے
نیم خنک اداسی میں لپٹی
سرما کی شام جیسی
لیکن کبھی کبھی کاغذ سے
کنیر اور سفیدے کی مہک
سطروں کے بیچ
چائے کے بھاپ اڑاتے مگ کی مانند
پھیلنے لگ جاتی ہے
اور ہمارے ارد گرد
سفیدی مائل سبزہ پھوٹنے لگتا ہے
اور کبھی
صنوبر کے جنگلوں میں سفر کرتے
درختوں کے تراشیدہ تنے
کتب خانوں کی صورت
نظر آتے ہیں
اونچے نیچے راستوں میں بکھری
پھپھوندی لگی پرانی کون
اور فٹ پاتھ پر پڑی کتابیں
ایک جیسی آزردہ
دکھائی دیتی ہیں