آسمان سے گرنے کے بعد۔۔۔ سرمد سروش
آسمان سے گرنے کے بعد
سرمد سروش
یہی اک کمی رہ گئی تھی
سو یہ لیجیئے
اب کھجوروں کے اک پیڑ میں آن اٹکا ہوں میں
یہ تاثر غلط ہے
کہ میں اک مصیبت پسند آدمی ہوں
حقیقت کہوں تو مری تربیت مذہبی ہے
مجھے ایک طرفہ محبت کی دیرینہ خو ہے
صلے کی تمنا سے دامن بچانے کی تعلیم ہے
خواہ تم مجھ سے روپوش ہو چاہے خاموش ہو
ایسی معمولی باتوں پہ کیا بندگی سے کنارا کروں گا ؟
میں جیسے کبھی آسماں سے پھسل کر گرا تھا
کھجوروں کے اونچے شجر سے بھی شاید
میں خود ڈھے پڑوں گا۔
( مجموعہ نظم: الغم از سرمد سروش)
Facebook Comments Box