مشورہ ۔۔۔ فضل احمد خسرو
مشورہ
فضل احمد خسرو
صاف شفاف تھی جھیل وطن کی
آنکھوں میں پُر خواب اُجالا
اور پھر اِس منظر میں اُبھرا
جہل کا جایا
سامری جادوگروں کا پالا
جھیل میں اُترا
پاپ میں پاگل عقل سے اندھا
پاک پوِتر جھیل کو جس نے کر دیا گدلا میلا
جھیل ہوئی ہے جھیل سے جوہڑ
ہر منظر دھندلایا
آنکھیں دھوپ میں دیکھ رہی ہیں
کالی رات کا سایہ
اِس منظر پر رونے والو
خون سے پانی دھونے والو
پہلے جھیل سے سانڈھ نکالو
ورنہ، خواب
یہاں سے ہجرت کر جائیں گے
)
Facebook Comments Box