جانتے ہو ۔۔۔ اُم ِ عمارہ
جانتے ہو
اُم ِ عمارہ
جانتے ہو
میں جب بھی زمین پر
کسی کو تکلیف میں دیکھتی ہوں
تو میری پہلی نظر آسمان کی طرف کیوں اُٹھتی ہے؟
شاید تمہیں جان کر حیرانی ہو
مگر اُس نظر میں درد نہیں ہوتا ،
شاید تمہیں سُن کر عجیب لگے
کہ وہ نظر رحم کی خواہاں بھی نہیں ہوتی ،
بلکہ وہ نظر تو تمہاری طرح سفاک ہوتی ہے
اور بس آسمان کے سینے پر شگاف ڈھونڈتی ہے ،
وہ نظر دیکھنا چاہتی ہے
کہ آخر زمین سے آسمان کا رشتہ کیسا ہے؟
وہ نظر پوچھنا چاہتی ہے
کہ جب زمین کٹتی ہے
تو آسمان کیوں نہیں کٹتا؟
دیکھو !
اِس طرح وہ نظر آسمان کو زمین سے
ہمیشہ کے لیے جُدا کر دیتی ہے
کیونکہ وہ نظر جانتی ہے
کہ تمہاری ہی طرح
زمین کے درد آسمان کبھی اپنے سینے پر نہیں جھیل سکتا۔۔
Facebook Comments Box