تکمیل سے پہلے کا ایک دن ۔۔۔ مسعود قمر
تکمیل سے پہلے کا ایک دن
مسعود قمر
ایک نامکمل شخص سے
کوئی محبت نہیں کرتا
ٹکٹ چیکر کے
ٹکٹ میں سوراخ کرنے سے
صرف تمہاری ٹکٹ ہی
آخری سٹاپ تک پہنچ پاتی ہے
تم ہمیشہ کی طرح
اسٹیشن کے ویٹنگ روم میں پڑی
آرام کرسی پر
ریگ سیک کو تکیہ بنائے
نیند میں پچھلے سفر کے
خواب دیکھتے رہتے ہو
تم نے ہمیشہ وہ سفر کیے
جس میں تم خود موجود نہیں تھے
اس نے مجھے بتایا
ایک دن وہ مجھ سے
محبت کرنے کا سوچ رہی تھی
مگر میں
اس دن وہ نہیں تھا
جو میں ہوں
اور جس دن میں
وہ ہوتا ہوں
جو میں نہیں ہوں
اس دن وہ
اپنی مصروفیت کی بنا پر
مجھ سے محبت نہیں کر پاتی
میں اس محبت کو حاصل کرنے کے لیے
اور خود کو مکمل کرنے کے لیے
دن رات جتا ہوا ہوں
جس دن مجھے
اس کی محبت حاصل ہو گئی
اور میں مکمل ہو گیا
وہ دن میری زندگی کا
آخری دن ہوگا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسعود قمر