غزل ۔۔۔ حمیدہ شاہین
Hameeda Shaheen is a Pakistani poet having a different vision to see things. Her poetry contains her experiences about ever changing life. She has succeeded to explore her wild zone in her poetry.
غزل
حمیدہ شاہین
اک جادوگر ہے آنکھوں کی بستی میں
تارے ٹانک رہا ہے میری چنری میں
میرے سخی نے خالی ہاتھ نہ لوٹایا
ڈھیروں دکھ باندھے ہیں میری گٹھڑی میں
کون بدن سے آگے دیکھے عورت کو
سب کی آنکھیں گروی ہیں اس نگری میں
جن کی خوشبو چھید رہی ہے آنچل کو
کیسے پھول وہ ڈال گیا ہے جھولی میں
جس نے مہر و ماہ کے کھاتے لکھنے ہوں
میں اک ذرہ کب تک اس کی گنتی میں
عشق حساب چکانا چاہا تھا ہم نے
ساری عمر سما گئی ایک کٹوتی میں
حرف زیست کو موت کی دیمک چاٹ بھی لے
کب سے ہوں محصور بدن کی گھاٹی میں