کیا تم بھی ڈرتے ہو ؟ ۔۔۔ حسین مسرت
کیا تم بھی ڈرتے ہو
حسین مسرت
کیا تم بھی ڈرتے ہو
جب پاوں پاوں چلتے ہو
جب ماں کی گود سے اترتے ہو
کیا تم بھی ڈرتے ہو
تمناوں کو لفظ بننے سے پہلے
لبوں پہ لانے سے پہلے مار دیتے ہو
کیا تم بھی ڈرتے ہو
جب قدم گھر سے نکالتے ہو
شہر کے مہذب درندوں سے اپنا آپ بچاتے ہو
بھیڑیوں جیسی آنکھوں سے
اپنا جسم چھپاتے ہو
کیا تم بھی ڈرتے ہو
کیا اپنی زندگی قربان کرنے کا
سبق تم بھی پڑھتے ہو
جینا دوبھر کرتے ہو
پلکوں میں آنسووں کی جھڑی چھپاتے ہو
ہونٹوں پہ مسکان سجائے
زمانے کے کام کرتے ہو
کیا سر جھکا کے چلنا
تمہیں بھی سکھایا جاتا ہے ؟
کیا تمہیں بھی زندہ آگ میں جھونکا جاتا ہے ؟
ہنستی دنیا سے تم بھی کنارا کرتے ہو
جب دل کی بات کرتے ہو
سنگسار کیے جاتے ہو
جب سر اٹھا کر چلتے ہو
سر کی قیمت چکاتے ہو
کیا تم بھی ڈرتے ہو ؟
جب سچ کے راستے پر چلتے ہو
ڈرائے جاتے ہو
چپ کرائے جاتے ہو
کیا تم بھی ڈرتے ہو ؟