خدائے محبت مجھے پر سکون موت دو ۔۔۔ خوش بخت بانو

خدائے محبت مجھے پرسکون موت دو

خوش بخت بانو

خدائے محبت مجھے پر سکون موت دو

تم نے ایک عظیم دل کو دکھایا

وہ دل جو خدا کا گھر تھا

تمہیں اس کے مالکانہ حقوق دیے گئے

بنا کسی جد و جہد کے

تم نے آسانی سے ہاتھ آنے والے قیمتی موتی کو پتھر سمجھ کر پھینک دیا

اس غلطی کا ازالہ باقی عمر میں کرتے رہنا

تم نے ان عظیم آنکھوں کو رلایا

جو دنیا کو تمہاری نگاہ سے دیکھتی تھی

جن خوابوں کو آگ کی سوئی سے ادھیڑا گیا

انہیں رتجگوں کی قاش جمع کر کے موتیوں سا پرویا گیا تھا

تن آور سایہ دار درخت پر مذاق میں امر بیل ڈال دینا

اور پھر اس پر ہنستے ہوئے گزر جانا

چوکڑیاں بھرتے ہوئے ہرن پر نشانہ باندھنا

یہ سب دوشیزگی ہے یا درندگی

میرے بعد سوچنا

تمہارے لفظ مونسٹرز کی شکل میں میرا پیچھا کرتے رہتے ہیں

مجھے ان سے ڈر لگتا ہے

اور میں ان کا سامنا نہیں کرنا چاہتی

تم نے ان ہونٹوں کو گرم سلاخوں سے داغا ہے

جو تمہاری توصیف بیان کرنے میں معاون تھے

میں تمہیں زندگی کی جھاڑیوں سے کھینچ کر لہلہاتے کھیتوں تک لے آئی

تمہارا ہاتھ تھام کر اپنے جسم کے باغ کی سیر کروائی

رنگ برنگے پھولوں کے گلدستوں سے تمہیں پزیرائی بخشی

میں نے تمہیں جنم دیا

میں نے تمہارا نام رکھا

میں نے تمہاری پرورش کی

میں نے تمہیں اپنے دل کے تخت پر حکومت دی

میں نے تمہیں اپنی محبت کا تاج پہنایا

تاکہ تم محل سرا میں میرے خلاف ہونے والی سازشوں کا حصہ بن جاؤ

تاکہ تم میری خواہشات کی دولت لوٹ لو

میرے محبوب لوٹ لو

میں نے دیوتاؤں سے تمہاری خوشی کی طلب میں اپنی بلی دی

میں نے تم پر قربان ہونے کے لیے زندگی کو طلب کیا

تم مجھے زندگی اور اپنی موجودگی کی بھیک مت دو

مگر اذیت سے نہ گزارو

یہ دل وہ ہے جہاں تم مدتوں رہے ہو

یہ ہونٹ وہ ہیں جنہوں نے تمہارے نام کی تسبیح کی

یہ آنکھیں وہ ہیں

جنہوں نے تمہیں دیکھنے کے لیے

حسین مناظر سے روگردانی کی

یہ جسم وہ ہے جو دیر تک تمہاری بانہوں کی پناہ میں رہا

اسے سگریٹوں سے مت داغو

تیزاب سے مت جلاؤ

آگ سے مت پگھلاؤ

خدائے محبت مجھے پرسکون موت دو

Facebook Comments Box

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Calendar

January 2025
M T W T F S S
 12345
6789101112
13141516171819
20212223242526
2728293031