چتکبری ۔۔۔ صفیہ حیات
چتکبری
( صفیہ حیات )
وہ شاپنگ کرتے لوگوں کو
بے بسی سے دیکھ رہی تھی
سڑک پہ
اندھا دھند کار بھگاتے
کوئی
اسے نقل و حرکت سے محروم کر گیا تھا
۔
اب
سرد زمین پہ
بے بس
کراہتی
بھوکی پیاسی
کسی جانور کی تلاش میں ادھر ادھر دیکھ رہی تھی
جو اسکی مدد کرتا
۔
انسانوں کے جنگل میں جانور نایاب تھے
۔
مفلوک الحال بچی
جو جانوروں جیسی نیک فطرت رکھتی تھی
اپنی چادر سے اسے ڈھانپتے
پاس بیٹھے
مطمئن
چائے پیتے سردی کی شدت سے نالاں
موبائل پہ
مناجات سنتے
سر دھنتے
دکاندار سے کہا
” معصوم پہ رحم کھاوء
ذرا سی چائے اس مرتی جان کو بھی دو”
وہ کوفتگی سے بولا
” بی بی! اس کے خدا نے اسے یہاں پھینکا ہے
میں نے نہیں”
۔
رات خوب برف باری ہوئی
بلی انسانوں کے جنگل میں
خدا کا انتظار کرتی
اس یقین سے مری
” جس کی لاٹھی اسکی بھینس”
Read more from Safia Hayat
Read more Urdu Stories