غزل ۔۔۔ شاہدہ دلاور شاہ
Dr. Shahida Shah is a writer, columnist and a renowned poet. She writes in Urdu as well as in Punjabi. She is Associate Professor of Urdu literature.
غزل
( شاہدہ دلاور شاہ )
خوابوں سا کوئی خواب بنانے میں لگی ہوں
اِک دشت میں ہوں پیاس بُجھانے میں لگی ہوں
بتلاؤ کوئی اسم مجھے رَدِبلا کا،
میں آخری کردار نبھانے میں لگی ہوں
وہ صحن میں افلاک لئے کب سے کھڑا ہے،
میں چھت پہ ہوں بادل کو اُڑانے میں لگی ہوں
اِک عمر ہوئی پیڑ پہ دو نام لکھے تھے،
اِک عمر سے وہ نام مٹانے میں لگی ہوں
رُکنے نہ کبھی پائے سفر روشنیوں کا،
دریا میں چراغوں کو بہانے میں لگی ہوں
جس وقت سے آنے کا سُنا ہے تیراگھر میں،
چیزوں کو میں رکھنے میں،اُٹھانے میں لگی ہوں
جلتا بھی ہے ،بُجھتا بھی ہے ،اُڑتا بھی ہے جُگنو،
سورج کو یہ احساس دلانے میں لگی ہوں
بُجھنے کو ہے اب خالی دیا عمرِ رواں کا،
میں ہوں کہ ہواؤں کو منانے میں لگی ہوں