الاو ۔۔۔۔ شازیہ مفتی
Shazia Mufti is a well-known literary figure from Lahore, Pakistan. She is a columnist and has her own style in poetry. She writes in Urdu. Her Gazal and Nazm are popular among the readers.
الاو
( شازیہ مفتی )
دھند کی اوڑھنی کو سرکاتی
دھیرے دھیرے قدم اٹھاتی ہوئی
گاہے رکتی ہے ، گاہے چلتی ہے
رات اپنے کسی سفر پر ہے
سوکھی ‘ گیلی سلگتی سانسوں سے
ناگہاں ایک شعلہ اٹھتا ہے
جیسے وہ شب کے شامیانے میں
کوئی گہرا شگاف ڈالے گا
شعلگی —— نارسائی کی سوتن
بجھتے بجھتے بھڑکنے لگتی ہے
سرد مہری کی جامنی چادر
خواب کے تن پہ کسمساتی ہے
آرزو ——– بانسری کی مدّھم لَے
دل پہ چپکے سے پاوں دھرتی ہے
دفعتاً دھیان کے جھروکے سے
اِ یک کوندا لپک دکھاتا ہے
کاش یہ شبنمی خُمار سی آنچ
دُ ھند کی آنکھ نور سے بھر دے
رات کی عُرفیت بدل جائے
پھول جھڑنے لگیں ستاروں سے
آگ ٹپکے رگِ مَحبّت سے
وقفے وقفے سے لکڑیاں ڈالیں
اس اَلاو میں آشنائی کی
اور پھر دل کی آنکھ سے دونوں
آج اک دوسرے کا چہرہ پڑھیں
یہ آپنے بہت خوب لکھا ہے۔۔ خواتین کے چیلنجز کی جاندار عکاسی کی یے۔۔ ماشاللہ