فیتہ چلتا رہتا ہے ۔۔۔ زہرا نگاہ
فیتہ چلتا رہتا ہے
( زہرا نگا ہ )
اک بٹن دباتے ہی
رنگ و نور کا سیلاب
آنکھ سے گزرتا ہے
ناچتی ہوئی لڑکی
صرف جوتیاں پہنے
اور گٹار کی دھن پر
گھومتے ہوئے لڑکے
ایک جیسی تحریریں
ایک جیسی تمثیلیں
تذکرے عبادت کے
پینترے سیاست کے
عشق کی مناجاتیں
حمد، منقبت، نعتیں
گفتگو کے ہنگامے
رات دن خبرنامے
رنگ صرف پانی کا
لہجہ زندگانی کا
اور پھر کسی تہہ سے اک خبر ابھرتی ہے
فیتہ چلنے لگتا ہے
” سینکڑوں ہزاروں لوگ
جیتے جاگتے انسان
رہ گئے خبر بن کر “
ہم بٹن دباتے ہیں
رنگ و نور کا سیلاب
آنکھ سے گزرتا ہے
فیتہ چلتا رہتا ہے
فیتہ کون پڑہتا ہے
Facebook Comments Box