غزل ۔۔۔ ساغر صدیقی
غزل
( ساغر صدیقی )
کوئی نالہ یہاں رَسا نہ ہُوا
اُشک بھی حُرفِ مُدّعا نہ ہُوا
تلخیء درد ہی مقدّر تھی
جامِ عِشرت ہمیں عطا نہ ہُوا
ماہتابی نگاہ والوں سے
دل کے داغوں کا سامنا نہ ہُوا
آپ رَسمِ جَفا کے قائل ہیں
میں اَسیرِ غمِ وفا نہ ہُوا
وہ شہنشہ نہیں، بھکاری ہے
جو فقیروں کا آسرا نہ ہُوا
رہزن عقل و ہوش دیوانہ
عِشق میں کوئی رہنما نہ ہُوا
ڈوُبنے کا خیال تھا ساغرؔ
ہائے! ساحل پہ ناخُدا نہ ہُوا
Read more from Saghar Siddiqui
Read more Urdu Poetry
Facebook Comments Box