نظم پر نظم ۔۔۔۔ مسعود قمر۔۔۔ عائشہ شمع

نظم پر نظم
عائشہ شمع کا تعلق سندھ سے ہے مگر وہ کافی عرصہ سے دبئی میں رہتی ہیں اور ایک بنک میں کام کرتی ہیں 
عائشہ غزل بھی لکھتی ہیں مگر نظم کمال کی لکھتی ہے  
میں نے ایک نظم لکھی تھی ” چائے کی بھاپ کا خالی پن ” 
دو دن پہلے عائشہ جی کا فون صبح صبح آیا کہ مسعود میں نے رات تمہاری نظم چائے کی بھاپ کا خالی پن پڑھی ہے اور اس نظم پہ ایک نظم لکھی ہے ، اسی لیے تم کو اتنی صبح فون کیا ہے 
میرے لیے بہت آعزاز کئ بات ہے کہ عائشہ نے نہ صرف میری نظم کو پسند کیا اور اس پہ نظم بھی لکھی : مسعود قمر

چائے کی بھاپ خالی کیوں ۔۔۔ عائشہ شمع چائے کی بھاپ کا خالی پن ۔۔۔ مسعود قمر   
اس نے 
ہمیشہ مجھے چائے کے کپ کے ساتھ 
احساسات کی کرسی پہ بیٹھایا
کہ 
میں اس کی گرم گرم چائے کی بھاپ میں 
سلگتی رہوں
وہ
بہانوں بہانوں سے 
کچن سے چائے اور اپنے جذبے 
پکا کر مجھے پیش کرتا رہتا ہے
اور چاہتا پے 
پہلی سپ میں لوں
وہ
ہر وقت مجھے اپنے ساتھ رکھتا ہے
رکشے والے سے کرایہ پہ بحثت کرتے 
پوروں کو پانی دیتے
دیواروں پہ نیا کاغذ لگانے کے لیے 
لیوی پکاتے 
مگر
میں مصروف رہتی ہوں
کسی کے اٹھنے سے پہلے
گرم پانی کا تسلا
غسلخانے میں رکھنے میں 
کسی کی شرٹ پہ 
اپنے گرے سرد آنسوں کو
گرم گرم استری سے سکانے میں
کسی کا روٹی کا ڈبہ تیار کرنے میں
کسی کے گھر آنے سے پہلے پہلے 
بستر کی شکنیں درست کرنے میں
اپنے جسم پہ پڑتی
نفرت ذدہ سانسوں سے 
اپنی چھاتیاں اور روح کو بچانے میں 
اور پھر ہر سال
اپنے اور بچے سے بندھی
ناف کٹوانے میں
اے خالی پن سے بھری بھاپ والی
چائے پینے والے 
بس انہی مصروفیات کی بنا پہ
میں تیری چائے کی 
بھاپ میں بھی نہیں آسکتی 
وہ میرے ساتھ ساتھ ہوتی ہے 
جب میں 
ریل کار ٹکٹ کی 
قطار میں کھڑا ہوتا ہوں
وہ میرے ساتھ کھڑی ہوتی ہے 
جب میں 
رکشے والے سےکرایہ پہ بحث کر رہا ہوتا ہوں
دیوار پہ 
نیا کاغذ لگانے کے لیے 
جب میں لیوی پکا رہا ہوتا ہوں
وہ
کمروں میں ادھر ادھر پھر رہی ہوتی ہے 
جب میں باڑ سے امر بیل کاٹ رہا ہوتا ہوں
وہ
پودوں کو پانی دینے میں میری مدد کرتی ہے 
میں کشتی بناتا رہتا ہوں 
وہ
ندی کنارے بیٹھی 
ندی کی چھینٹیں مجھ پہ پھینکتی رہتی ہے 
میں جب 
سبزیوں کی کیاریاں درست کرتا ہوں
وہ 
ہر کیاری میں اگتی رہتی ہے
اور۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ اور جب میں 
ہر کام سے فارغ ہوکے 
تھک کے چائے کا کپ لیے 
تیز تمباکو سلگاتے ہوئے 
اسے سوچتا ہوں
تو وہ کہیں نہیں ہوتی
چائے کی بھاپ میں بھی نہیں

 

Facebook Comments Box

1 thought on “نظم پر نظم ۔۔۔۔ مسعود قمر۔۔۔ عائشہ شمع

  1. چائے کی بھاپ کا خالی پن۔۔ یہ نظم کدھر سے ملے گی ۔۔میں نے پڑھنی ہے ۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Calendar

September 2024
M T W T F S S
 1
2345678
9101112131415
16171819202122
23242526272829
30